02 فروری ، 2021
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے دو واقعات میں 6افراد کو قتل کردیا گیا، قتل ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جن میں سے ایک معروف ٹک ٹاکر مسکان بھی ہے۔
رات گئے ایک واقعہ کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں پیش آیا جبکہ دوسرا گارڈن کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ شب اور آج علی الصبح پیش آنے والے فائرنگ کے دونوں واقعات میں قتل کے محرکات غیرت کے نام پر قتل اور دشمنی ہوسکتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بوٹ بیسن میں تعاقب کے بعد فائرنگ کر کے پہلے عینی کو قتل کیاگیا، عینی شادی شدہ تھی تاہم شوہر کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے والدین کے گھر پر رہتی تھی، عینی کو اس کے پڑوسی اور دوست عدنان کے ساتھ تعاقب کے بعد قتل کیا گیا۔
عینی کو جسم کے اوپری حصے میں 3 گولیاں ماری گئیں، پھر عدنان کو قتل کیا گیا، قتل میں تیس بور پستول استعمال کیا گیا اور موقع سے پانچ خول ملے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق گارڈن میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں بھی گھات لگاکر ٹک ٹاکر مسکان کو 3 دوستوں سمیت قتل کیا گیا، گارڈن میں بھی ملزمان نے مسکان سمیت چاروں افراد کا تعاقب کیا اور پھر قتل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق مسکان کو گاڑی میں بیٹھے افراد میں سے سب سے پہلے اور دیگر تین کو بعد میں قتل کیا گیا، واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال ہوئی، موقع سے 9خول ملے ہیں۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق مسکان شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں تھی ، شوہر سے علیحدگی ہوچکی تھی، مسکان لانڈھی کی رہائشی تھی ،والدین نے اسے عاق کردیا تھا جبکہ قتل ہونے و الے عامر، صدام اور ریحان بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی تھے ۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ عینی اور عدنان کے قتل میں اس کے شوہر کے ملوث ہونے کا شبہہ ہے جبکہ مسکان سمیت چار افراد کے قتل میں مسکان کا سابق دوست ملوث ہوسکتا ہے۔