04 فروری ، 2021
مشہور شخصیات کو اپنے مختلف انداز سے ’ٹرول‘کرنے والے کامیڈین و ریپر علی گل پیر نے پیروڈی ویڈیو کے لیے اس بار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا انتخاب کیا۔
علی گل پیر کی جانب سے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں علی گل نے ایک طرف شیخ رشید اور دوسری طرف خاتون صحافی دونوں کا کردار خود ہی ادا کیا۔
ویڈیو میں میزبان کی جانب سے شیخ رشید سے پوچھے گئے سوالوں کی ایک انٹرویو آڈیو وفاقی وزیر داخلہ کی آواز میں ہی ایڈیٹ کی گئی ہے۔
ویڈیو میں میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کی ہی آواز میں علی گل پیر کو اداکاری کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا کوئی دوست نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ شاید مجھ کو بنایا گیا ہے میرے لیے، ایک بار ٹرین چھوٹ جائے تو پلٹ کر نہیں آتی اور اب اُن کی ٹرین چھوٹ چکی ہے، ( شیخ رشید احمد یہاں وقت کو ٹرین سے تشبیہ دے رہے ہیں)۔
خاتون صحافی کی جانب سے مزید سوال کیا گیا کہ اُن کے پاس ابھی بھی شادی کا وقت ہوتا تو اُن کی آئیڈیل خاتون کیسی ہوتیں؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’وہ قدرتی خوبصورتی پر یقین رکھتے ہیں اور اُنہیں قدرتی خوبصورتی ہی پسند آتی ہے، اور اگر ’بیوٹی وِد برین‘ یعنی خوبصورتی کے ساتھ ذہانت بھی ہو تو انہیں بہت پسند آتی ہے۔‘
شیخ رشید سے انٹرویو کے دوران خاتون صحافی کا مزید پوچھنا تھا کہ کیا خاتون سانولی سلونی سی ہو ؟ جس پر انہوں نے کہا کہ کہ ’کوئی خون خوار سی خاتون ہو جسے دیکھ کر پتا لگے کہ کوئی خاتون ہے۔‘
ویڈیو کو ٹوئٹر پر 2 ہی روز 75 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے ،یہی نہیں جیو سے وابستہ معروف صحافی حامد میر نے بھی ہیش ٹیگ تنہائی کے ساتھ علی گل پیر کی یہی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کامیڈین کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔