06 فروری ، 2021
دنیا کی دوسری بلند چوٹی K2 کی سرمائی مہم جوئی کرنے والے علی سدپارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیماؤں سے اب تک رابطہ نہ ہوسکا۔
گزشتہ روز کے ٹو کی انتہائی بلندی پر جانے والے پاکستان کے علی سد پارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیماؤ ں سےرابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
تینوں کوہ پیماؤں کاسراغ لگانے کیلئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کیا گیا جبکہ زمینی راستے سے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیاگیا۔
ہیلی کاپٹرز نے7ہزار میٹر کی بلندی تک پرواز کی لیکن کوہ پیمائوں کا سراغ نہیں مل سکا۔
دوسری جانب علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ کیمپ تھری سے کیمپ ون پہنچنے کے بعد بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔
اُدھر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔