Time 08 فروری ، 2021
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ پر وکیلوں کا دھاوا، دارالحکومت کی تمام عدالتیں تاحکم ثانی بند

اسلام آباد ہائی کورٹ پر وکیلوں کے دھاوے کے بعد دارالحکومت کی تمام عدالتیں تا حکم ثانی بند کر دی گئیں۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ اورڈسٹرکٹ کورٹس سمیت اسلام آباد کی عدالتیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

عدالتوں کی بندش کے احکام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیے ہیں ۔

خیال رہے کہ چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے وکلا نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی توڑ پھوڑ کی اور چیف جسٹس کے چیمبر کےباہر شدید نعرے بازی کی۔

اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں نعرے لگاتے ہوئے چیف جسٹس کے بلاک میں داخل ہوگئے جب کہ وکلا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور ان کے چیمبرکے باہر نعرے بازی کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس بلاک میں جب وکلا آئے تو اس وقت اسپیشل سیکیورٹی پولیس نہیں تھی اور اسلام آباد پولیس کے دستے کافی دیر بعد عدالت پہنچے جب کہ اس دوران چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے۔

مزید خبریں :