09 فروری ، 2021
2018 کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدنےکی مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کی تردید کا سلسلہ جاری ہے۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کے سردار ادریس بھی موجود ہیں جو رقم وصول کرتے نظر آرہے ہیں تاہم انہوں نے اس کی تردید کی ہے۔
پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے سردار ادریس نے کہا ہے کہ وائرل ویڈیو مخالفین کی سازشوں کا نتیجہ ہے، ویڈیوایڈٹ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں، وہ ثابت کریں گے کہ انہوں نے ووٹ پی ٹی آئی کو ہی دیا تھا۔
خیال رہے کہ 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی وڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں۔