Advertisement

کھیل
time icon 12 فروری ، 2021

فردوس اعوان کو بھی پی ایس ایل کا ترانہ پسند نہ آیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو بھی پی ایس ایل کا ترانہ پسند نہ آیا۔

پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ کچھ روز قبل جاری کیا گیا تھا جس کے بعد اس گانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان برپا ہو گیا تھا اور صارفین کی بڑی تعداد نے پی ایس ایل کے آفیشل ترانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اتنا برا گانا ہے کہ جب بچوں کو سنایا تو وہ ڈر گئے۔

شعیب اختر نے تو پی ایس ایل کے اس گانے پر پی سی بی کے خلاف عدالت جانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

پی ایس ایل کے گانے کے بعد عوام کی جانب سے ایک بار پھر گلوکار علی ظفر سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ وہ اس بار بھی پی ایس ایل کا گانا گائیں۔

اب فردوس عاشق اعوان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے گیت کو مزید بہتر کیا جاسکتا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نصیبو لعل تو ہمارا لعل ہیں، لعل کو نگینہ بنا کر قوم کی آواز بنا کر پیش کرنا چاہیے۔

Advertisement

@geonews_sport