پی ایس ایل 6 کے ترانے پر شعیب اختر کی تنقید، فنکار بھی میدان میں آ گئے

فوٹو: فائل

گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کا آفیشل ترانا 'گروو میرا' ریلیز کیا گیا تھا جس میں گلوکارہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

پی ایس ایل 6 کے ترانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی اور انہیں یہ ترانہ خاصا پسند نہیں آیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی جانب سے بھی پی ایس ایل 6 کے آفیشل ترانے پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی تنقید سامنے آنے کے بعد پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی خاموش رہ نہ سکے اور انہوں نے شعیب اختر کی تنقید پر جواب دیا۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا کہ 'وہ ان کی رائے تھی جو کہ ٹھیک ہے، ان کے پاس یہ حق ہے لیکن یہ ایک فضول رائے ہے اور یہ میری رائے ہے، یہ گانا اسٹیڈیم میں لوگوں کے دل جیتے گا'۔

علاوہ ازیں فرحان سعید نے پی ایس ایل 6 کے ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے فنکاروں کو سراہا۔ 

میزبان انوشے اشرف نے کہا کہ 'ایک بات کہ یہ گانا پسند نہ آنا اور دوسری بات یہ کہ فنکاروں کو اس طرح سے نیچا دکھانا، میں شعیب اختر کی بہت بڑی مداح ہوں لیکن یہ ٹھیک نہیں جس طرح سے انہوں نے ترانے پر تنقید کی'۔

انوشے نے مزید کہا کہ میرے بہت سے دوست، فیملی اور مداحوں کو یہ ترانا پسند آیا، اختلاف رائے کی جا سکتی ہے لیکن کسی کے کام کو نیچا دکھانا، یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے۔ 

اداکار ہارون شاہد نے ماضی کا آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز  کا آفیشل گانا شیئر کیا جس میں شعیب اختر نے بھی پرفارم کیا تھا۔

ہارون شاہد نے کہا کہ 'یہ تب کی بات ہے جب شعیب اختر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے گانے کے لیے لاکھوں کا معاوضہ دیا گیا اور میں شرط لگا سکتا ہوں کہ انہوں نے صرف شاہ رخ خان کو متاثر کرنے کے لیے اس گانے پر ڈانس کیا ہوگا'۔

مزید خبریں :