Time 13 فروری ، 2021
پاکستان

ایم پی ایز، ایم این ایز بھاگ رہے ہیں تو عمران خان کو ہارس ٹریڈنگ یاد آگئی، مریم نواز

 مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ بندہ تابعدار کے ساتھ بیٹھ کر قانون سازی نہیں ہوسکتی، اپنے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی (ایم این ایز، ایم پی ایز) بھاگ رہے ہیں تو عمران خان کو ہارس ٹریڈنگ یاد آگئی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جہاں جہاں عوام کی طاقت ہوگی وہاں (ن) لیگ کو شکست دینا ناممکن ہے، پارٹی کو توڑنے کی تاریخی کوشش ہوئی لیکن (ن) لیگ نہیں ٹوٹی۔

انہوں نےکہا کہ نالائق اور نا اہل کو بچانے کے لیے انصاف کے نظام کو جھونکا جارہا ہے،  کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں ؟ ویڈیو بنانے، پیسے دینے اور لینے والے یہ خود ہیں، ایک نالائق کو بچانے کے لیے سارے حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر سامنے آگئی ہے، انصاف کے دہرے نظام کے خلاف ہم آواز اٹھا رہے ہیں، پی ڈی ایم بالکل خفیہ رائے شماری کو سپورٹ نہیں کرتی، الیکشن اصلاحات ضرور کریں گے کیونکہ پی ڈی ایم بھی یہ ہی چاہتی ہے مگر قانون سازی بندہ تابعدار کے ساتھ بیٹھ کر نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم پی ایز ، ایم این ایز بھاگ رہے ہیں تو عمران خان کو ہارس ٹریڈنگ یاد آگئی، اپنا مطلب تھا تو پورا چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری کرلیا۔

بیک ڈور رابطوں کی تردید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیک ڈور رابطوں کو ضرورت انہیں ہے جو مشکل میں ہیں، ایک نالائق کو بچانے کےلیے پورا نظام انصاف جھونکنا عقلمندی نہیں ہے۔

مزید خبریں :