15 فروری ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔
جیونیوز کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے جے آئی ٹی تشکیل دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں پولیس اورحساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں جن میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی صدر، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او مارگلہ، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہیں۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس میں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار سے مدد لے گی جب کہ تھانہ مارگلہ اور رمنا میں اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیسزکی تفتیش کرے گی۔
واضح رہےکہ چند روز قبل اسلام آباد میں وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کیا اور اس دوران مشتعل وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توڑ پھوڑ کی اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیمبر کے باہر بھی توڑ پھوڑ کی گئی جس سے چیف جسٹس چیمبر میں محصور ہوگئے۔