Time 17 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

سشانت سنگھ کے ساتھی اداکار کی مبینہ خودکشی، اہلیہ اور ساس کیخلاف مقدمہ درج

 سندیپ نہر نے سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم 'ایم ایس دھونی' میں بھی کام کیا تھا،فوٹو: فائل

آنجہانی بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم 'ایم ایس دھونی' میں اداکاری کرنے والے بھارتی اداکار سندیپ نہر کی مبینہ خودکشی پر پولیس نے ان کی اہلیہ اور ساس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق 15 فروری کو اداکار سندیپ نہر  ممبئی میں واقع اپنےگھر میں پھندے سے لٹکے ہوئے پائے گئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں  نے سندیپ کو مردہ قرار دے دیا۔

ابتدائی تحقیقات میں سندیپ کی موت کو خود کشی قرار دیا گیا تھا کیوں کہ ان کے ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کی اطلاعات بھی ملی تھیں جب کہ اپنی موت سے قبل سندیپ نے فیس بک پر ایک ویڈیو بھی ڈالی جسے انہوں نے ’Suicide Note‘ قرار دیا تھا۔

اپنی آخری ویڈیو میں سندیپ کا کہنا تھا کہ وہ ازدواجی مسائل کا شکار ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی اہلیہ کنچن شرما اور ساس نے مبینہ طور پر سندیپ کو  'ہراساں' کیا تھا۔

ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کردی تھی اور جب تک پولیس ان تک پہنچتی انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے سندیپ کی اہلیہ اور ساس کے خلاف انہیں خودکشی پر مجبور کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسری جانب  سندیپ کی لاش کو بھارتی پنجاب منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی جون 2020 میں خودکشی کرلی تھی تاہم اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے کہ انہوں نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔

مزید خبریں :