پاکستان
Time 17 فروری ، 2021

میشا شفیع کیخلاف علی ظفرکے مقدمے میں لینا غنی کی گلوکارہ کے حق میں گواہی

گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف گلوکار علی ظفرکے مقدمے میں سماجی ورکر لینا غنی نے میشا شفیع کے حق میں گواہی دے دی۔

لاہور کی مقامی عدالت میں گلوکار علی ظفر کی میشا شفیع کے خلاف  ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی ۔

دوران سماعت ادکارہ عفت عمر وکلا کی جرح کے لیے پیش نہ ہوسکیں،وکیل میشا شفیع نے عدالت کو بتایا کہ عفت عمرکراچی میں مصروف ہیں وہ پیش نہیں ہوسکتیں۔

علی ظفر کے وکیل کا کہنا تھا کہ علی ظفر کے خلاف عفت عمر نے دوبارہ ٹوئٹ کیا جو غلط بیانی ہے، علی ظفر پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر ہو رہے ہیں جس پر عفت عمر نے ٹوئٹ کیا، ہراسانی کا الزام ثابت بھی نہیں ہوا اور عزت اچھالی جا رہی ہے، وکیل نے عفت عمر کا ٹویٹ عدالت کے روبرو پیش کردیا۔

عدالت میں میشا شفیع کی گواہ لینا غنی کا بیان قلمبند کیا گیا، لینا غنی کا کہنا تھا کہ میں سوشل ایکٹیوسٹ ہوں اور خواتین کے لیے آواز بلند کرتی ہوں، علی ظفر این سی اے میں میرا جونیئر تھا،علی ظفر کو اتنا نہیں جانتی تھی،  علی ظفر کی بیوی عائشہ فضلی کو بھی نہیں جانتی تھی،علی ظفر کی منگنی پر اس کی بیوی کا میک اپ کیا تھا ،علی ظفر نے ایک دو بار میرے ساتھ ناشائستہ گفتگو کی تو میں نے ملنا کم کردیا۔

وکیل میشا شفیع کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ چیٹ انتہائی اہم ہے جس کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

وکیل میشا شفیع کے پوچھنے پر  لینا غنی نے بتایا کہ میشا  کے ٹوئٹ پر میں نے بھی کہا کہ می ٹو،  میں نے 19 اپریل 2018 کو میشا کے حق میں ٹوئٹ کیا، جب میں علی ظفر کے خلاف گواہ بنی تو میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔

سیشن کورٹ نے ادکارہ میشا شفیع سمیت دیگر گواہوں کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئےسماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :