Time 18 فروری ، 2021
کھیل

عمر اکمل کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع

فوٹو: فائل

‏عمر اکمل کے لیے انتظار کی گھڑیاں طویل ہوتی جا رہی ہیں، اور ان کے خللاف کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کے لیے تاریخ پر تاریخ دی جانے لگی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کر دی گئی ہے۔

کھیلوں کی ثالثی عدالت نے ایک بار پھر عمر اکمل سے متعلق فیصلہ سنانے کے لیے تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔

کھیلوں کی ثالثی عدالت نے 19 فروری تک محفوظ کیا گیا فیصلہ سنانا تھا لیکن اب تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 مارچ تک کسی بھی وقت محفوظ فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

کرکٹر عمر اکمل اور پی سی بی نے کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل کی تھی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو 36 ماہ کی سزا سنائی تھی۔

سزا کے خلاف عمر اکمل نے اپیل دائر کی تھی جس پر آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے عمر اکمل کی سزا 36 ماہ سے کم کر کے 18 ماہ کر دی تھی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک اپیل دائر کی تھی کہ عمر اکمل کو 36 ماہ کی جو سزا سنائی گئی ہے اسے ہی برقرار رکھا جائے۔ دوسری جانب عمر اکمل نے ایک اور اپیل دائر کی تھی کہ ان کی 18 ماہ کی سزا بھی ختم کی جائے کیونکہ انہیں یہ سزا غلط دی گئی ہے۔

پی سی بی اور عمر اکمل کی جانب سے دائر اپیلوں پر کھیلوں کی ثالثی عدالت نے سماعت کے بعد یکم دسمبر 2020 کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید خبریں :