راکھی ساونت کی شادی سے متعلق بھارتی سنگھ کا بڑا انکشاف

 بھارتی سنگھ گذشتہ روز بگ باس میں شریک ہوئیں اور بتایا کہ انہوں نے راکھی ساونت کے شوہر رتیش کو دیکھا ہے،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ و ماڈل راکھی ساونت آئے روز تنازعات میں الجھی رہتی ہیں اور گذشتہ کئی دنوں سے ان کی 'مبینہ' شادی پر بحث جاری ہے۔

 راکھی ساونت ان دنوں بھارت کے معروف رئیلیٹی شو ’بگ باس‘ کے 14 ویں سیزن میں شریک ہیں جہاں وہ اپنی شادی کے حوالے سے بھی نت نئے انکشافات کرتی رہتی ہیں تاہم  انہوں نے اپنے شوہر 'جن کا نام انہوں نے رتیش بتایا ہے' کو  ابھی تک منظر عام پر لے کر نہیں آئیں۔

گذشتہ برس جولائی میں بھارتی میڈیا پر خبریں آئی تھی کہ راکھی نے برطانیہ میں مقیم بزنس مین سے شادی کرلی ہے جن کی شادی کی تصاویر اب تک سامنے نہیں آسکیں۔

اس حوالے سے مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں اور کہا جارہا ہےکہ ڈرامہ کوئین  نے صرف میڈیا پبلسٹی کےلیے اپنی شادی کا شوشہ چھوڑا ہےکیونکہ ان کےگھر والوں کے علاوہ کسی نے بھی ان کی شادی کی تصدیق نہیں کی ہے۔

تاہم اب ان کے خاندان کے علاوہ باہر سے بھی ایک شخصیت نے ان کے شوہر کو دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔

معروف مزاحیہ اداکار بھارتی سنگھ گذشتہ روز بگ باس  میں شریک ہوئیں اور بتایا کہ انہوں نے راکھی ساونت کے شوہر رتیش کو دیکھا ہے تاہم صرف ویڈیو کال پر۔

گذشتہ دنوں راکھی ساونت نے شادی سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میں نے شادی تو کی ہے لیکن اس کے پیچھے ایک راز ہے کیونکہ زندگی میں ایسے پریشانیاں لاحق ہوگئیں تھی کہ فوری طور پر شادی کرنا پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے لوگ ارجنٹ (فوری) شاپنگ پر جاتے ہیں تو ویسے ہی میں نے ارجنٹ شادی کی ہے۔

مزید خبریں :