22 فروری ، 2021
لاہور: الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے (ن) لیگ کے رہنما پرویز رشید کےکاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے پر جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ انتخابات میں پرویزرشیدکےکاغذات نامزدگی مستردکرنےکیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
پرویز رشید کی طرف سے وکیل احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ ریٹرننگ افسر نےسینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی نادہندہ ہونےکی بنیاد پر مستردکیے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے میں 96 لاکھ روپے کا نادہندہ ہوناجواز بنایا گیا۔
ا س موقع پر پرویز رشید نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب ہاؤس سے 2019 میں واجب الادا رقم کا کوئی نوٹس بھی نہیں ملاتھا جب کہ واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی مگر مسترد کردی گئی، ریٹرننگ افسرکوکراس چیک سے رقم ادائیگی کی بھی یقین دہانی کرائی مگرمؤقف تسلیم نہیں کیا گیا۔
پرویز رشید نے استدعا کی کہ پنجاب ہاؤس کی واجب الادا رقم جمع کرانے اور ریٹرننگ افسر کو درخواستگزار کے کاغذات نامزدگی منظور کرنےکاحکم دیاجائے۔
بعد ازاں الیکشن ٹریبونل نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے کل جواب طلب کر لیا۔