وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی بیٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری کر دی گئی۔ 

کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد گوندل کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کی 4 اسپیشلائزڈ فیلڈز میں سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد اشتہارات کے ذریعے تقرری کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک عہدے پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ علی اور دوسرے پر ڈاکٹر زینب کی تقرری کی گئی۔ دو شعبوں کے لیے آنے والے امیدوار معیار پر پورا نہیں اترے۔ 

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد گوندل کا کہنا ہے کہ فیٹل میڈیسن کی فیلڈ میں ڈاکٹر عائشہ کا تقرر میرٹ پر ہوا، وہ واحد امیدوار تھیں جن کے پاس ڈبل فیلو شپ تھی، ڈاکٹر عائشہ پچھلے 23 سال سے میڈیکل کی فیلڈ میں ہیں، برطانیہ جانے سے پہلے ساڑھے تین سال تک اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر کام کر چکی ہیں۔

اس بارے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹی کی تقرری سے کوئی تعلق نہیں، تقرری میرٹ پر ہوئی، اگر سوال کرنا ہے تو کنگ ایڈورڈ کے بورڈ سے کیا جائے۔

خود ڈاکٹر عائشہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایف سی پی ایس کرنے کے بعد برطانیہ سے ایم آر سی او جی کیا اور رائل کالج سے فیٹل میڈیسن میں تربیت لینے کے بعد بڑے ٹیچنک اسپتال سے منسلک ہوں۔ ڈاکٹرز پاکستان آ کر خدمت کرنا چاہتے ہیں، انہیں خوش آمدید کہا جائے، ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ ان کی تقرری میرٹ پر ہوئی ہے، چند باتیں سن کر دل آزاری ہوئی۔

مزید خبریں :