23 فروری ، 2021
لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومتی ایما پر الیکشن کمیشن کے عملے کو ایک فارم ہاؤس میں لے جاکر نتائج تبدیل کروائے گئے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 100 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں میں دھاندلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے بہتر ہے کہ پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب ہو۔
واضح رہےکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی اور اس دوران پیدا ہونے والی کشیدگی سے دو افراد بھی جاں بحق ہوئے۔
ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 20 پولنگ اسٹیشنوں کا نتیجہ سامنے نہ آنے پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر ضمنی الیکشن کا نتیجہ روک رکھا ہے۔