صارفین کا انتظار ختم، اسپوٹیفائے جلد پاکستان آرہا ہے

فائل فوٹو

میوزک کے شوقین افراد کا انتظار ختم ہوا کیونکہ اب پاکستان میں بھی دنیا کا مقبول ترین سوئڈش آڈیو اسٹریمنگ اینڈ میڈیا پرووائڈر اسپوٹیفائے لانچ ہونے جا رہا ہے۔

حال ہی میں اسپوٹیفائے نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پاکستان، بنگلا دیش اور نائجیریا سمیت دیگر 80 ملکوں میں لانچ کیا جائے گا۔

اسپوٹیفائے کے ذریعے دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ لوگوں کو میوزک اسٹریمنگ سروس دستیاب ہے اور پاکستان میں اسپوٹیفائے لانچ ہونا ایک خوش آئند بات ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں ٹوئٹر پر اسپوٹیفائے کو پاکستان میں لانچ کرنے کے حوالے سے ایک ٹرینڈ گردش کر رہا تھا اور صارفین کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ یہ سروس پاکستان میں بھی ہونی چاہیے۔

 صارفین کا کہناہے کہ پاکستانی عوام موسیقی کے شعبے میں بہت ترقی کر رہی ہے اور اس طرح کا پلیٹ فارم موسیقی سے وابستہ لوگوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔ 

نومبر 2020 میں معروف فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسپوٹیفائے پاکستان کے نام سے ویریفائیڈ یعنی تصدیق شدہ اکاؤنٹ بھی بنایا گیا تھا۔

تاہم کمپنی کی جانب سے پاکستان میں اسپوٹیفائے لانچ کرنے کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

اسپوٹیفائے (Spotify)' ہے کیا؟

اسپوٹیفائے ایک ڈیجیٹل میوزک اسٹریمنگ سروس ہے جو صارفین کو پوری دنیا کے فنکاروں کے لاکھوں گانوں، پوڈکاسٹ اور ویڈیوز تک رسائی فراہم کرتی ہے۔

میوزک اسٹریمنگ سروس اسپوٹیفائے اس وقت دنیا کے 70 سے زائد ممالک کے لوگ استعمال کر رہے ہیں جس میں بھارت سمیت متعدد ایشیائی ممالک بھی شامل ہیں تاہم یہ سروس اس وقت پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔

مزید خبریں :