کافی عرصے سے ’دی گرل آن دی ٹرین‘ جیسی فلم کرنا چاہتی تھی: پرینیتی چوپڑا

فوٹو: بشکریہ پنک ولا

حال ہی میں بالی وڈ فلم ’دی گرل آن دی ٹرین‘ کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس میں اداکارہ پرینیی چوپڑا کی اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

فلم ’دی گرل آن دی ٹرین‘ 26 فروری 2021 کو معروف اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم کے حوالے سے پرینیتی چوپڑا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگ کا عمل کافی کٹھن تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہدایت کار کو متاثر کرنا چاہتی تھی اور اس وقت تک سیٹ چھوڑ کر نہیں جاتی تھی جب تک ان کا شاٹ بالکل درست نہ آ جائے۔

اداکارہ کا کہنا تھاکہ میں اپنے اندر موجود مختلف کام کرنے کی صلاحیت نہیں دکھا پا رہی تھی اور کافی عرصے سے ’دی گرل آن دی ٹرین‘ کی طرح کی فلم کرنا چاہتی تھی لیکن مجھے ان ہی پیشکشوں میں سے انتخاب کرنا پڑتا تھا جو مجھے موصول ہوتی تھیں۔

پرینیتی نے بتایا کہ اسکرین پر آپ کا کوئی کردار کامیاب ہو جائے تو اس کے بعد لوگ سوچتے ہیں کہ کیوں نہ اس کو دوبارہ کاسٹ کر لیا جائے، میں لوگوں کو نہیں دکھا پا رہی تھی کہ مختلف قسم کے کردار بھی ادا کر سکتی ہوں۔

خیال رہے کہ پچھلے دنوں اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی آنے والی فلمیں خاصا اچھا بزنس نہیں کر پائی تھیں جب کہ ان کی نئی آنے والی فلم ’دی گرل آن دی ٹرین‘ کے حوالے سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اچھا بزنس کرے گی۔

مزید خبریں :