23 فروری ، 2021
اگر بطور واٹس ایپ صارف آپ نے نئی پرائیویسی پالیسی کو ابھی تک قبول نہیں کیا ہے تو بری خبر یہ ہے کہ آپ 15 مئی کے بعد واٹس ایپ کے پیغامات کو نہ پڑھ پائیں گے اور نہ اپنے پیاروں کو واٹس ایپ کے ذریعے کوئی پیغام بھیج سکیں گے۔
ٹیک کرنچ کے مطابق جو صارفین واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو قبول کرنے کے حامی نہیں ان صارفین کا واٹس ایپ اکاؤنٹ 15 مئی کے بعد عارضی بند کر دیا جائے گا جس کے مزید 120 دن بعد اسے مکمل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی قبول نہ کرنے والے صارفین کو ڈیڈلائن گزرجانے کے بعد مختصر عرصے(شاید کچھ ہفتوں ) کے لیے کال اور نوٹیفکیشن کی سہولت میسر ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی معلومات تھرڈ پارٹی بشمول فیس بک کے ساتھ شیئر کیے جانے کے اعلان کے بعد سے صارفین کی بڑی تعداد واٹس ایپ کی متبادل ایپس کی طرف رخ کررہی ہے۔
علاوہ ازیں واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی وضاحت میں دعویٰ کیا ہے کہ کوئی بھی شخص صارفین کے پیغامات نہیں پڑھ سکتا، نئی پرائیویسی پالیسی کا مقصد اداروں کی ادائیگیوں کو فعال کرنا ہے۔