Time 23 فروری ، 2021
پاکستان

براڈ شیٹ پر جرمانہ، الزام تراش اور جھوٹوں کے منہ پر ایک اور زناٹے دار طمانچہ، مریم

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر  مریم نواز نے برطانوی فرم براڈ شیٹ کی جانب سے شریف فیملی کو  جرمانے کی ادائیگی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ براڈ شیٹ کو لندن فلیٹس کے بارے میں سوال اٹھانے اور پھر عدالت سے بھاگ جانے پر نواز شریف کے وکلاء کو 45 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ  الزام تراش، جھوٹوں کے ٹولے کے منہ پر ایک اور زناٹے دار طمانچہ ہے،  جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں، کچھ شرم ، کچھ حیا؟

ان کا کہنا تھاکہ براڈشیٹ تو اپنے جھوٹے الزامات پر عدالت میں عزت افزائی کروا چکی ہے مگر ابھی اُن لوگوں کا احتساب باقی ہے جو پاکستانی عوام کا پیسہ اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکتے رہے، جو چھپ چھپ کہ براڈشیٹ والوں کو ملتے تھے اور اپنا حصہ مانگتے تھے۔ 

مریم نواز کا کہنا تھاکہ اب سب حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔

خیال رہے کہ برطانوی فرم براڈ شیٹ کو تقریباً 45لاکھ روپے شریف فیملی کو ادا کرنا پڑ گئے ہیں اور براڈشیٹ کے وکلاء نے رقم کی ادائیگی جبکہ شریف فیملی کے وکلاء نے رقم وصولی کی تصدیق کی ہے۔

نمائندہ جیونیوز کے مطابق براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو رقم ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اٹیچ کرنےکی درخواست عدالت سے واپس لینے پرلیگل فیس کے اخراجات کی مد میں اداکی ہے۔

کوئن کونسل کا کہنا ہےکہ براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو 20 ہزار پاؤنڈ ادا کیے۔

مزید خبریں :