دنیا
Time 23 فروری ، 2021

ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ مزید کئی دن اسپتال میں رہیں گے، بکھنگم پیلس

 شہزادہ فلپ کو 17 فروری کو ناسازی طبیعت کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا،فوٹو: فائل

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ ناسازی طبیعت کے باعث مزید کئی دن اسپتال میں رہیں گے۔

برطانوی شاہی محل بکھنگم پیلس سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ شہزادہ فلپ کو اسپتال میں انفیکشن کے سلسلے میں میڈیکل ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے اور وہ آرام دہ اور پرسکون ہیں۔

بکھنگم پیلس کے مطابق شہزادہ فلپ مزید کئی دن اسپتال میں رہیں گے اور ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ہی انہیں واپس محل منتقل کیا جائےگا۔

خیال رہےکہ شہزادہ فلپ کو 17 فروری کو ناسازی طبیعت کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

برطانوی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیوک ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی طبیعت ٹھیک نہیں لگ رہی تھی جس کے باعث انہیں احتیاطاً کنگ ایڈورڈ اسپتال لندن منتقل کردیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 99 سالہ شہزادہ فلپ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر اسپتال گئے جہاں انہیں ڈاکٹروں کے مشورے پر احتیاطاً داخل کرلیا گیا۔

واضح رہےکہ شہزادہ فلپ اور الزبتھ دوم کی شادی 1947 میں ہوئی تھی اور دونوں کے 4 بچے ہیں۔

مزید خبریں :