Time 24 فروری ، 2021
پاکستان

شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے، ڈیلی میل کا اعتراف

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے وکلاء نے برطانوی عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے۔

ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے ہتکِ عزت کیس کی ابتدائی سماعت کی کاپی جیو نیوز کو حاصل ہوگئی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے وکلاء  نے برطانوی عدالت میں اعتراف کیا کہ شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے۔ 

جسٹس میتھیو نکلین نے کہاکہ اخبار کے مضمون کا مرکز شہباز شریف تھے جبکہ عمران علی کے بارے میں لکھا گیا کہ انہیں زلزلہ زدگان فنڈ سے ایک ملین پاؤنڈ ملے اور اخبار کے مطابق اس رقم کا عمران علی کوعلم تھا کہ یہ غبن شدہ پیسہ ہے۔ 

جسٹس نکلین نے کیس کیلئے ’چیز لیول ون‘ کا تعین کیا جس کا مطلب سنگین درجے کی ہتکِ عزت ہے اور اب اخبار کو لگائے گئے الزامات کے ثبوت دینا ہوں گے۔

جسٹس نکلین نے ریمارکس دیے کہ اخبار نے سلیمان شہباز کی تردید غیر واضح طریقے سے شائع کی۔

خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔

مزید خبریں :