مرحوم اداکار عرفان خان اپنے بیٹے کے خوابوں میں آنے لگے

 بابل خان اکثر اپنے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئرکرتے رہتے ہیں،فوٹو: فائل

بالی وڈ کے معروف اداکارعرفان خان کے بیٹے بابِل خان اپنے مرحوم والد کو بہت یاد کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ  والد اکثر میرے خوابوں میں آتے ہیں۔

خیال رہےکہ عرفان خان گذشتہ سال اپریل میں انتقال کرگئے تھے، وہ کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عرفان خان کے بڑے بیٹے بابل خان اکثر اپنے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئرکرتے رہتے ہیں۔

بابل نے اب انسٹاگرام پر عرفان خان کی ایک پرانی تصویر پوسٹ کرنے کے ساتھ اپنا خواب بھی بیان کیا ہے ۔

بابل نے اپنا خواب بیان کرتے ہوئے مرحوم والد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ میرے خواب میں آئے اور کہا کہ آپ مجھے چھوڑ کر جانے والے ہیں اور پھر آپ نے کافی دیر تک مجھے اپنی آغوش میں لیے رکھا۔

عرفان کے بیٹے کے مطابق پھر میرے موبائل فون کی رنگ کے باعث آنکھ کھل گئی اور مجھے پھر فلم اور اداکاری کی پیشکش تھی، لیکن بابا آپ کے بغیر ان سب کا کیا فائدہ؟

بابل نے مزید کہا کہ وہ اکثر خواب دیکھتے رہتے ہیں، تاہم آنسوؤوں کی وجہ سے ٹائپ کرنا مشکل ہوجاتا ہے،جو لوگ زیادہ روتے ہیں ان کے لیے برائے مہربانی کوئی خاص موبائل ایجاد کرلیا جائے۔

مزید خبریں :