عرفان خان کی قبر کی تصاویر کیوں وائرل ہو رہی ہیں؟

 عرفان خان رواں سال 29 اپریل کو ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے،فوٹو:فائل

بالی وڈ کے معروف اداکارعرفان خان کے بیٹے بابِل خان نے مداحوں کی تنقید کے بعد اپنے والد کی قبرکی نئی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں آنجہانی اداکار عرفان خان کی قبر کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کی قبرکو گھاس پھونس اور جنگلی بیلوں میں گِھرا ہوا دکھایا گیا تھا۔

اس حوالے صارفین نے دکھ کا اظہارکیا تھا کہ اتنے بڑے اداکار کی قبر کا یہ حال ہے اور کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں۔

اس حوالے سے عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے انسٹاگرام پر نئی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں قبر سے گھاس پھونس اور جنگلی بیلوں کو ہٹادیا گیا ہے اور ان کا دوسرا بیٹا ایان قبر پر پانی ڈال رہا ہے۔

بابل نے مداحوں سے کہا ہے وہ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ ان کے والد یعنی عرفان خان کو ہمیشہ قدرتی ماحول میں گھاس، پودوں اور درختوں میں رہنا پسند تھاجب کہ یہاں موجود کچرے اور پلاسٹک کو ہٹا دیا جاتا ہے۔


بابل خان نے اسی حوالے سے اپنی والدہ کی پوسٹ بھی شیئر کی ہے جس میں عرفان خان کی اہلیہ نے ایک مداح کے اعتراض کا جواب دیا ہے۔

عرفان خان کی اہیلہ سوتاپا سِکدر کا کہنا ہے کہ قبرستان میں خواتین کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی، اگت پوری میں جہاں میں نے عرفان کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے وہاں میں نے رات کی رانی کا پودا لگایا ہے، وہاں میں گھنٹوں بیٹھ سکتی ہوں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ عرفان کی قبر سے کسی کو دلچسپی نہیں۔

سوتاپا سکدرکا کہنا تھا کہ قبر کے اطراف جنگلی پودے اور گھاس حالیہ بارشوں کے دوران اگی ہیں اور جو تصویر پوسٹ کی گئی ہے اس میں وہ جگہ خوبصورت لگ رہی ہے، یہ سب اگلے موسم تک خود سوکھ جائیں گے اور غور سے دیکھیں تو پودے کسی مقصد کے لیے لگائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عرفان خان رواں سال 29 اپریل کو ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، وہ کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

اس سے قبل 53 سالہ عرفان خان کئی ماہ سے نیورو اینڈوکرائن کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔

مزید خبریں :