26 فروری ، 2021
اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔
مشیر تجارت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا جنوری کے دوران آئی ٹی کی برآمدات کا حجم 81 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری میں سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی کی برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ہوا جب کہ جنوری 2021 میں آئی ٹی کی برآمدات 16 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ جنوری 2020 میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا، سروسز کی برآمدات میں آئی ٹی تیسرا بڑا سیکٹر ہے۔
علاوہ ازیں رواں مالی سال آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب ڈالرز سے زائد متوقع ہیں۔