27 فروری ، 2021
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق کیٹگری سی کے ملکوں سے آنے والے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نئی ایڈوائزری 14 مارچ تک نافذالعمل رہےگی۔
ایڈوائزری کے مطابق کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے پاکستان آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ ہوگا،کیٹگری اے میں شامل ممالک کی تعداد 24 کردی گئی ہے۔
اے کیٹیگری میں چین، سعودی عرب، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، روانڈا، جنوبی کوریا سمیت دیگر ملک شامل ہیں،کیٹیگری بی ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ کیٹیگری سی کے ملکوں سے آنے والے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیٹگری سی کے ملکوں کے شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، اس کیٹیگری میں برطانیہ، جنوبی افریقا، برازیل اور کینیا سمیت 15 ملکوں رکھاگیا ہے۔