Time 28 فروری ، 2021
دلچسپ و عجیب

15 سال قبل کھو جانے والی بلی مالک کو واپس مل گئی

فوٹو: بشکریہ یو ایس نیوز

پالتو جانور رکھنے کے شوقین افراد کے لیے یہ بات کسی صدمے سے کم نہیں ہوتی کہ ان کا جانور کھو جائے کیونکہ انہیں اپنے پالتو جانور سے ایسا ہی لگاؤ ہوتا ہے جیسے کسی انسان کو دوسرے انسان سے ہوتا ہے۔

حال ہی میں امریکی ریاست لاس اینجلس کے شہری کے ساتھ ایسا معجزاتی واقعہ پیش آیا کہ انہیں اپنی 15 سال قبل کھو جانے والی بلی دوبارہ مل گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہری چارلس نے 2005 میں 2 ماہ کی ایک بلی گود لی تھی جو کہ ایک دن گُم ہو گئی تھی۔

چارلس نے بتایا کہ انہوں نے بلی کو ہر جگہ ڈھونڈا لیکن وہ کہیں نہیں ملی جس کے بعد انہوں نے دو اور بلیاں گود لے لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں انہیں لاس اینجلس کنٹری اینیمل شیلٹر اور ایک کمپنی (جنہوں نے ان کی گمشدہ بلی کے اوپر چِپ) لگائی تھی ان کی کال موصول ہوئی۔

چارلس نے بتایا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ 15 سال بعد ان کی بلی انہیں کیسے مل سکتی ہے، بعد ازاں وہ بلی کو لینے کے لیے گئے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کی بلی کافی کمزور ہو گئی تھی۔

امریکی شہری کا کہنا ہے کہ وہ اپنی 15 سال قبل گُم ہونے والی بلی کو اپنے ساتھ گھر لے گئے اور ان کی بلی بھی گھر آنے کے بعد پہلے سے خوش نظر آ رہی تھی۔

مزید خبریں :