28 فروری ، 2021
بالی وڈ بیبو کرینہ کپور اور بھارتی فلم انڈسٹری کے نواب سیف علی خان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش کو ایک ہفتہ ہو چکا ہے۔
تاہم اداکار جوڑی کی جانب سے اب تک نومولود کی نہ ہی کوئی تصویر شیئر کی گئی ہے اور نہ ہی بھارتی میڈیا نومولود کو کیمرے کی نگاہوں میں محفوظ کر پایا ہے جس کے باعث مداح بے صبری سے مقبول جوڑی کے دوسرے بیٹے کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ کرینہ اور سیف نے پہلے بیٹے تیمور علی خان کو میڈیا کے ذریعے مداحوں سے متعارف کروایا تھا لیکن پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق اداکار جوڑی نے دوسرے بیٹے کو مداحوں کے سامنے لانے کے لیے خاص منصوبہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرینہ اور سیف علی خان کے دوسرے بیٹے کا انسٹاگرام ہینڈل کے ورچوئل سیشن کے ذریعے مداحوں سے تعارف کروایا جائے گا لیکن یہ اب بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ سیشن کب ہو گا۔
پنک ولا کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بچے کا مداحوں سے تعارف کرینہ کپور کروائیں گی کیونکہ وہ سوشل میڈیا پر خاصی سرگرم رہتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیف وبائی امراض کے دوران بچے کی صحت کو لے کر خاصی احتیاط کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ورچوئل سیشن کے ذریعے دوسرے بیٹے کا تعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔