28 فروری ، 2021
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے 3 مارچ کو ہونے والے انتخابات کیلئے نئی صف بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں تحریک انصاف نے چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کو بھی دعوت دی گئی۔
ظہرانے میں صدرجی ڈی اے صدرالدین راشدی ، وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی کے ارکان نے شرکت کی تاہم دعوت کے باوجود ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی رکن ظہرانے میں نہ پہنچا۔
ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما مولوی محمود کا کہنا تھاکہ امیدواران کے اعزاز میں دعوت دی ہے، اتحادیوں کو بھی ظہرانے پردعوت دی لیکن ایم کیو ایم کا وفد مصروفیت کے باعث نہیں آسکا۔
دوسری جانب اس حوالے سے ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم ارکان صوبائی اسمبلی تنظیمی مصروفیت کے باعث پی ٹی آئی ظہرانے میں شریک نہیں ہوسکے۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام جماعتیں اپنے طور پر سینیٹ انتخابات کی تیاری میں مصروف ہیں اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کی قیادت سے مستقل رابطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور مشروط طور پر سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم کیلئے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔