28 فروری ، 2021
وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہےکہ ابھی تک کی صورتحال میں حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد دونوں کامیاب ہوں گے، جن پی ٹی آئی ارکان کے بارے میں سُنا تھا کہ وہ ووٹ نہیں دیں گے وہ ووٹ دینے کو تیار ہیں۔
کراچی میں مشیر جہاز رانی محمود مولوی کی رہائش گاہ پر سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ظہرانےکا انتظام کیا گیا جس میں وفاقی وزرا اسدعمر اور علی زیدی سمیت ، پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللّہ نیازی ، جی ڈی اے کے صدرالدین شاہ راشدی، شہریار مہر،نند کمار، عرفان اللّہ مروت سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ان دعوتوں سے افواہیں دم توڑ جاتی ہیں، شو آف ہینڈز کا بل ہم نے پیش کیا جب کہ اپوزیشن ڈرتی رہتی ہے۔
جی ڈی اے کے شہریار مہر کا کہنا تھاکہ ہم اتحادی ہیں ایک پیغام دینا تھاکہ ہم سب ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گے،تعلقات سب سے رکھنے ہوتے ہیں اور سب سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، امید ہے سندھ میں چھانگا مانگا والی سیاست نہیں ہوگی۔
اسدعمر نے دعویٰ کیا کہ جن ارکان اسمبلی کے بارے میں سنا تھا کہ وہ ووٹ نہیں دیں گے ان سے ملاقات کی ہے، وہ ووٹ دینے کو تیار ہیں ،ہمارے دونوں ارکان حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوری پارٹی ہے، اختلافات حصہ ہیں، مسلم لیگ ن نہیں کہ نواز شریف سے اختلاف کرو اور دوسرے دن پارٹی سے نکال دیا جائے۔
ظہرانے میں ایم کیوایم کا کوئی بھی رہنما شریک نہیں ہوا، اس حوالے سے ذرائع نے جیو نیوزکو بتایا کہ رابطہ کمیٹی نے اراکین اسمبلی کو ظہرانے میں پہنچنے کی واضح ہدایت نہیں دی تھی جس کے باعث کوئی رکن اسمبلی نہیں پہنچ سکا۔