02 مارچ ، 2021
برطانوی شہزادے ہیری نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کے فیصلہ سے قبل انھیں ’تاریخ خود کو دہراتی‘ نظر آ رہی تھی۔
امریکی ٹی وی شو کی میزبان اوپرا ونفری کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے کہا کہ اپنی اہلیہ میگھن کو ساتھ رکھنے سے انہیں ’سکون‘ ملا ہے۔
شہزادہ ہیری نے تین دہائیوں قبل اپنی والدہ لیڈی ڈیانا کی شاہی خاندان سے علیحدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ سوچ بھی نہیں سکتے‘ کہ ان کی والدہ کو تنہا کن کن حالات سے گزرنا پڑا ہو گا۔
انٹرویو کے دوران میگھن نے ’شاہی زندگی کی ذمہ داریوں، شادی اور ماں بننے‘ کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ وہ بڑھتے ہوئے دباؤ کا کیسے سامنا کرتی ہیں۔
یہ انٹرویو امریکا میں سات مارچ کو نشر کیا جا رہا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ پروگرام برطانیہ میں کب دکھایا جائے گا۔