Time 18 جنوری ، 2020
دنیا

’برگر کنگ‘ کی برطانوی شہزادے ہیری کو ملازمت کی پیشکش

گزشتہ دنوں برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا— فوٹو: فائل 

امریکا کے مشہور فوڈ ریسٹورنٹ برگر کنگ نے حال ہی میں شاہی خاندان سے راستے جدا کرنے والے برطانوی شہزادے ہیری کو ملازمت کی پیشکش کردی۔

گزشتہ دنوں شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی مالی طور پر ایک خودمختار زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

شاہی جوڑے کے فیصلے کے بعد حال ہی میں امریکا کے مشہور فوڈ ریسٹورنٹ برگر کنگ نے انہیں سیلز اسسٹنٹ کے عہدے کی پیشکش کردی۔

'برگر کنگ' کی جنوبی امریکا کے ملک ارجنٹائن کی فرنچائز نے شاہی جوڑ ے کو ٹوئٹ کے ذریعے پیشکش کی اور کہا کہ شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ نے شاہی خاندان کی ذمہ داریوں سے علیحدگی اور مالی طور پر ایک خودمختار زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ریسٹورنٹ میں ملازمت کی پیشکش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ پر شاہی تاج ہی ججتا ہے اور آپ نے ساری زندگی شاہی انداز میں گزاری اور اب وقت ہے کہ بادشاہوں کے انداز میں ہی کھائیں۔

اس کے علاوہ برگر کنگ کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شاہی جوڑے کو جز وقتی ملازمت کی پیشکش کی گئی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جبکہ شاہی جوڑے کے ہاں 8 ماہ قبل بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔

شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا میں زندگی بسر کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بیان کے مطابق اس دوران وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور اپنے بڑوں کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جو کہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔

شاہی خاندان کے جوڑے کا مزید کہنا تھا کہ وہ زندگی کے نئے دور کا آغاز کرر ہے ہیں اور اس طرح وہ مزید ترقی پسندانہ کردار ادا کرسکیں گے۔

اس حوالے سے برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے فیصلے پر بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے، شہزادے کی مختلف راستہ اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، معاملے میں پیچیدہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں وقت لگے گا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جوڑا شمالی امریکا اور کینیڈا منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جبکہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔

مزید خبریں :