Time 04 مارچ ، 2021
پاکستان

سینیٹ الیکشن: قومی اسمبلی میں 7 ووٹ ضائع ہونے کی اندرونی کہانی

گزشتہ روز ہونے والے سینیٹ انتخابات کے دوران ضائع ہونے والے ووٹوں کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے درمیان سینیٹ کی سیٹ پر ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے دوران 7 ووٹ ضائع ہوئے تھے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ایک بیلٹ پیپر پر ووٹر نے دستخط کیے، 4 بیلٹ پیپرز پر ووٹرز نے گنتی کے نمبر لکھنے کی بجائے ٹک کیا جب کہ 2 بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے نام کے آگے نمبر 1 یا 2 لکھنےکی بجائے صرف 2 لکھا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پولنگ ایجنٹوں کے اصرار پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائی گئی، اور پھر ریٹرننگ آفیسر کے مرتب کردہ نتائج پر پولنگ ایجنٹوں نے دستخط کیے۔

خیال رہے گزشتہ روز سینیٹ الیکشن کی 37 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 13، پیپلز پارٹی نے 8، بی اے پی نے 6، ایم جے یو آئی نے تین، ایم کیو ایم پاکستان، اے این پی اور آزاد امیدواروں نے دو، دو جب کہ بی این پی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔

اس کے علاوہ پنجاب سے 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے جن میں پی ٹی آئی کے 5، ن لیگ کے 5 اور ق لیگ کا ایک سینیٹر شامل ہے۔

مزید خبریں :