Time 04 مارچ ، 2021
پاکستان

اب ہم بتائیں گے عدم اعتماد کب ہوگا اور کہاں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ  اب کٹھ پتلی تماشہ، ڈرامے بازی نہیں چلے گی، اب فیصلے آپ نہیں لیں گے، اب ہم  آپ کو بتائیں گےکہ عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنائیں گے، ہم آپ کا مقابلہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی کریں گے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی مل کر لڑیں گے اور ان کو ٹف ٹائم دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ عمران خان نےکہا تھا کہ ہم یہ نشست جیت گئے تو اسمبلی توڑ دیں گے،عمران ڈر پوک ہے، الیکشن سے ڈرتا ہے، پہلے اسمبلی توڑنے سے بھاگے اب نیا ڈرامہ سامنےلائے ہیں، اب فیصلے آپ نہیں لیں گے خان صاحب میں آپ کو بتاؤں گا،اب ہم بتائیں گے کہ عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا،  جیسے ہی پی ڈی ایم ہمیں حکم دے گی ہم عدم اعتماد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ کا الیکشن سیاست اور تعلقات کی بنیاد پر لڑا، بہت سے لوگ ایسے ہیں جوووٹ دینا چاہتے تھے لیکن نہ دے سکے، حکومتی بینچوں پر جو بیٹھے ہیں ان کے دل ہمارے ساتھ ہیں، آپ کو آپ کے لوگوں نے ریجکٹ کردیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ ہم اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان کو ایکسپوزکرتے رہیٕں گے، پی ڈی ایم کا جو متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل ہوگا، اس حکومت کو اب کوئی نہیں بچاسکتا، ہمیں پہلے پنجاب کو بچانا چاہیے۔

چیئرمین پیپپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے کہا کہ انہیں ایک ایک نام پتہ ہے،میں جانتا ہوں،خان صاحب کو نہیں پتہ، مجھے پتہ ہے کس نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیے، مجھے پتہ ہے کس نے بغض حفیظ شیخ اور بغض عمران میں ووٹ دیے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے، آپ نے تین سال سے عوام کا جینا حرام کردیا تھا، آپ نے ہر پاکستانی کا خون چوسا ہے، ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے، ہم عوام کی آواز پارلیمان کے اندر پہنچائیں گے اور انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔

مزید خبریں :