اپوزیشن میں بیٹھوں یا اسمبلی سے باہر ہوجاؤں، کسی کو نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے میں اپوزیشن میں بیٹھوں یا اسمبلی سے بھی باہر ہوجاؤں ، میں نے آپ میں سے کسی کو نہیں چھوڑنا جب تک آپ اس ملک کا پیسہ واپس نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اگر اقتدار سے باہر بھی ہوجاؤں تو اس قوم کے لوگوں کو باہر نکالوں گا۔

قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہے اپوزیشن میں ہوں یا اسمبلی سے باہر ہوں، ان کو نہیں چھوڑوں گا، قوم کا پیسہ واپس کرنا ہوگا، چوری کا پیسہ بچانے کیلئے لوگ نکلتے ہیں، میں آپ کو پبلک نکال کر دکھاؤں گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  جب تک زندہ ہوں قانون کی بالادستی کے لیے کام کروں گا، جو لوگ ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے کر جاتے ہیں جنہیں میں غدار کہتا ہوں، ان کا مقابلہ کروں گا، میرا یہ ایمان ہے کہ اللہ اس ملک کو بڑا اچھا وقت دکھانے والا ہے، یہ ملک ایک عظیم ملک بنے گا اور یہ تب بنے گا جب یہ بڑے بڑے ڈاکو جیلوں میں ہوں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ چوری کا پیسہ ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں جس سے ملک کا دگنا نقصان ہوتا ہے، اپوزیشن کے ہاتھوں نہ بلیک میل ہوں گا نہ این آر او دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) والوں کے لیے پیغام ہے کہ اقتدار گیا تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت کا صرف میرے سفر اور سیکیورٹی پر پیسہ لگتا ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی شام 4 بجے طلب کر لیا ہے ، قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

مزید خبریں :