Time 04 مارچ ، 2021
انٹرٹینمنٹ

شردھا کپور کے دوست کے والد انہیں اپنی بہو بنانےکیلیے تیار ہوگئے

شردھاکپورکے ان کے دوست اور سلیبرٹی فوٹوگرافر روہن شریستھا سے مبینہ تعلقات کی خبریں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ شردھاکپورکے ان کے دوست اور سلیبرٹی فوٹوگرافر روہن شریستھا سے مبینہ تعلقات کی خبریں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں اور دونوں کی شادی کی افواہیں بھی آتی رہی ہیں۔

گذشتہ دنوں دونوں کی مالدیپ میں ایک ساتھ تصویر بھی سامنے آئی تھی جس نے چہ مگوئیوں میں مزید اضافہ کردیا تھا۔

شردھا نے اس حوالے سے اب تک کوئی اقرار نہیں کیا تاہم اب فوٹوگرافر روہن شریستھا کے والد راکیش شریستھا کے بیان نے دونوں کے تعلقات کےحوالے سے افواہوں پرمہر ثبت کردی ہے۔

ایک انٹرویو میں روہن شریستھاکے والد راکیش شریستھا کا کہنا تھا کہ روہن اور شردھا کالج کے زمانے سے دوست ہیں اور دونوں کے کافی سارے مشترکہ دوست بھی ہیں، دونوں اپنے اپنے شعبوں میں اچھا کام کررہے ہیں  اور اگر دونوں ایک ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ بھی ایک سمجھداری کا فیصلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں شادی کا فیصلہ کرتے ہیں تو میں ان کے لیے خوشی خوشی ہرکام کرنے کو تیار ہوں، اعتراض کا لفظ میری ڈکشنری میں نہیں ہے۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں شردھا کے والد اداکار شکتی کپور نے کہا تھا کہ شادی سمیت زندگی کے ہر فیصلے میں شردھا کے ساتھ ہوں، روہن شریستھا ہی کیوں؟ اگر وہ آکر مجھے بتائے جس کا بھی اس نے انتخاب کیا ہے اور جس کے ساتھ بھی وہ زندگی گزارنا چاہتی ہے ، تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

شکتی کپور کا کہنا تھا کہ روہن بہت اچھا لڑکا ہے، بچپن سے ہی اس کا گھر آنا جا نا ہے لیکن شردھا نے مجھے نہیں بتایا کہ وہ اس سے شادی کا ارادہ رکھتی ہے، میرے نزدیک وہ ابھی بچپن کے دوست ہی ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ وہ ایک دوسرے کے بارے میں سنجیدہ ہیں یا نہیں۔

مزید خبریں :