05 مارچ ، 2021
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے اتحادیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنےکی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے۔
حکومت نے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے لیے حکمت عملی طے کرلی ، تمام ارکان اسمبلی کو کل ہر صورت قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مقصد کے تحت سیاست میں آئے ہیں، ان کا یقین جمہوریت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان اسمبلی نے ضمیر بیچا ، جس سے عبدالحفیظ شیخ کو شکست ہوئی، پیسہ لے کر ضمیر بیچنا بددیانتی ہے۔
وزیراعظم نے ایم کیوایم کے وفد سے بھی ملاقات کی اور ایم کیوایم نے انہیں حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ گورننس نظام پر تحفظات کے باوجود وزیراعظم کےساتھ ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یعنی ہفتے کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔