Time 07 مارچ ، 2021
کھیل

پی ایس ایل میں کورونا پھیلنےکی وجوہات جاننےکیلیے فیکٹ فائنڈنگ پینل قائم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دوران کورونا پھیلنے کی وجوہات جاننے کےلیے فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان کیا ہے، جس میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمدعباس شامل ہیں۔

پینل بائیو سیکیور پروٹوکولز اوراس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرنوجائزہ لےگا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین کو پیش کرےگا۔

پی سی بی کے مطابق اس آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پاکستان سپر لیگ 6 کے لیےتیار کردہ ایس او پیز کا جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور سفارشات پیش کرےکہ یہ بائیو سیکیور ماحول کوویڈ فری کیوں نہ رہ سکا۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بورڈ اپنے کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے اور دو ماہرین پر مشتمل آزاد پینل کی تقرری کا واحد مقصد ایک ایماندارانہ ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے ، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سےرابطہ قائم کرے گا۔ 

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6  کو 7 کورونا کیسز  کے باعث 14 میچز کے بعد ہی مؤخر کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :