07 مارچ ، 2021
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کنٹینرچوک میں پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار قاسم شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد میں سیکٹر جی 13 میں کنٹینر چوک پر ایک سب انسپکٹر اور 2 پولیس کانسٹیبل معمول کی چیکنگ پر تھے کہ اہلکاروں نے اس دوران موٹرسائیکل سواروں کو روکا جس پر موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کردی۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخمی پولیس اہلکار قاسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کے مطابق پمز میں زیر علاج زخمیوں میں سب انسپکٹر جمیل اور ہیڈ کانسٹیبل قیصر شامل ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور جلد ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے گا۔