08 مارچ ، 2021
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کے علاوہ دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں وزیراعظم اور حکومت کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے عمل کا جائزہ لینے کے علاوہ لانگ مارچ اور چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے لیے بھی حکمت عملی پر مشاورت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا اجلاس کے شرکاء سے کہنا تھا کہ چند روز بعد چیئرمین سینیٹ کے الیکشن ہیں لہذا ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے متفقہ امیدوار سامنے لائیں۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد ایک دن کے احتجاج کے لیے نہیں بلکہ طویل دھرنا دینے کے لیے آ رہے ہیں۔