28 ستمبر ، 2012
تکریت. . .. عراق کے شہر تکریت میں جیل پر عسکریت پسندوں نے قبضہ کرلیا۔ لڑائی کے دوران کم از کم دو پولیس اہل کار مارے گئے اور کئی قیدی جیل سے فرار ہو گئے ہیں۔تکریت جیل پر حملہ القاعدہ عراق کے فرنٹ گروپ اسلامک اسٹیٹ آف عراق کی جانب سے تکریت پر دوبارہ قبضے کی مہم چلانے کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔ اس بارے میں متضاد اطلاعات ہیں کہ حملہ جیل کے باہر سے کیا گیا یا اندر سے لڑائی شروع ہوئی۔ گروپ کا کہنا ہے کہ جیل پر حملے کا مقصد اپنے کچھ ساتھیوں کو رہا کرانا ہے۔ صوبہ صلاح الدین کے نائب گورنر احمد عبدالجبار کا کہنا ہے کہ جیل کے تمام داخلی اور خارجہ راستوں اور نگرانی کے ٹاورز پر حملہ آوروں کا کنٹرول ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جیل کا محاصرہ کرلیا ہے۔ وزارت داخلہ کے افسر کے مطابق حملے میں دو پولیس اہل کار مارے گئے تاہم ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ جھڑپ میں چار پولیس اہل کار اور دو حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے 30 سے 40 قیدیوں میں سے 13 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تکریت میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔