08 مارچ ، 2021
رخصتی کے وقت کسی بھی دلہن کی آنکھوں میں آنسو آنا یا خاندان بھر کو چھوڑ دینے کے باعث اداسی میں مبتلاہو جانا فطری عمل ہے لیکن جب یہی لمحہ کسی نئی نویلی دلہن کا سسرال جانے سے قبل ہی موت کا سبب بن جائے تو خاصا وحشت ناک محسوس ہوتا ہے۔
بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے ضلع سونپور میں گزشتہ ہفتے ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جب رخصتی کے وقت نوبیاہتا دلہن زیادہ رونے کے باعث دل کادورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سونپور کے گاؤں بینکا سے تعلق رکھنے والی گپتسواری ساہو بولانگی کے ساتھ پیش آیا جو بسیکیسن پرادھن نامی شخص کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، رخصتی کے وقت نوبیاہتا دلہن اپنے گھروالوں سے مل کر شدید رونے لگی اور اچانک بیہوش ہوگئی۔
دلہن کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا، ڈاکٹروں کے مطابق دلہن کی موت حرکت قلب بند ہونے کے سبب ہوئی۔
دلہن کے اہل محلہ کے مطابق ہم جانتے تھے کہ گپتسواری ساہو رخصتی کے وقت دباؤ میں تھی کیونکہ کچھ عرصہ قبل ہی اس نے اپنے والد کو کھو دیا تھا، اس کی شادی کا اہتمام بھی ماموں کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اہل محلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ اس کی موت اس طرح ہو جائے گی، وہ ایک اچھی لڑکی تھی۔