11 مارچ ، 2021
کورونا کی حالیہ لہر نے ضلع گجرات میں خطرے کی گھنٹی بجادی، کورونا مریضوں کیلئے مختص عزیزبھٹی شہید اسپتال کا وارڈ مریضوں سےبھرگیا، اضافی فیلڈاسپتال بھی قائم کردیا گیا۔
ایک دیہات میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جبکہ دواسکول بھی سیل کردیےگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کی جانب سےگجرات شہر میں بھی 15مارچ سے دوہفتے کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔
ضلع گجرات کے عزیزبھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال کے کوروناوارڈ میں 60بستروں کی گنجائش تھی، اسپتال بھرجانے پر اس کی گنجائش 120 بستروں تک بڑھادی گئی ہے۔
یہاں مریضوں کی تعداد 75تک جاپہنچی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد2500سے بھی تجاوزکرچکی ہے۔
کچھ شہری اب بھی کورونا کوسنجیدہ لینے کوتیارنہیں جبکہ کچھ اپنااوردوسروں کاخیال رکھنے کامشورہ دیتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سیف انور چیمہ نے بتایا کہ گجرات میں شہری اکثربیرون ملک سفرکرتے ہیں، سفرکیلئے لازمی ٹیسٹ کی صورت میں کورونا کی تشخیص ہوجاتی ہے، شہریوں کو ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔
گجرات میں اب تک ایک ڈاکٹرسمیت 80افرادکوروناسے لقمہ اجل بن چکےہیں۔ تیسری لہر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد نہیں کیاگیاتومتاثرہ مریضوں کی تعداداوربھی بڑھ سکتی ہے۔