دنیا
Time 11 مارچ ، 2021

بھارت میں کورونا کی نئی لہر، دسمبر کے بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

بھارت میں گزشتہ برس دسمبر کے بعد ایک ہی دن میں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز سامنے آ گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشترا میں کورونا کی نئی لہر سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے اور وہاں پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 854 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جو کہ گزشتہ سال 25 دسمبر کے بعد سے ایک ہی دن سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 126 افراد کورونا سے ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 129 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 13 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جو کہ امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر سب سے بڑی تعداد ہے تاہم ستمبر کے بعد سے ان کیسز میں مسلسل کمی واقع ہو رہی تھی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز اب بھی ستمبر کی نسبت کم ہیں کیونکہ اس وقت بھارت میں روزانہ اوسطاً ا90 ہزار نئے مریض سامنے آ رہے تھے۔

مزید خبریں :