12 مارچ ، 2021
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پولنگ بوتھ سے کیمرہ نکلنے کے معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا ہم نے انتخابات کی شفافیت کی پوری کوشش کی جب کہ ووٹ خراب کرنے کی ترغیب علی حیدر گیلانی نے دی۔
ان کا کہنا تھا اپوزیشن ارکان کی سازش سامنے آئی ہے، پیسے سے سیاست کو کاروبار بنانے والے بے نقاب ہوں گے، اپوزیشن نے ڈرامہ رچایا، ہم بتائیں گے کہ کون ایجنٹس ہیں جو پی پی اور ن لیگ کی پراکسیز ہیں۔
پولنگ بوتھ سے کیمرہ نکلنے سے متعلق سوال پر شبلی فراز کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی پوری تحقیقات ہونی چاہیے اور پولنگ کے لیے نیا بوتھ بنایا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ان لوگوں (اپوزیشن) نے قومی اسمبلی میں کم تعداد کے باوجود الیکشن جیتا، سب کو پتا ہے کون پیسے لے کر اسلام آباد میں گھوم رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا ہم نے شفاف انتخابات کے لیے ہر طریقہ اپنایا، یہ لوگ چوری بھی کرتے ہیں اور ایف آئی آر بھی کرواتے ہیں، سیاست کو کاروبار بنانے والے ایکسپوز ہو گئے ہیں، بلیک میل کرنا اور دھونس دھاندلی ان کی سیاست کے ستون ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا اپوزیشن والے اوپن ووٹ کی مخالفت اس لیے کر رہے تھے کہ یہ ووٹ کے خریدار ہیں، ہماری جدوجہد ہے کہ کرپٹ ٹولے سے ملک کو نجات دلائی جائے جبکہ یہ لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہماری اور ان کی جیت میں فرق ہے، ہمارے 180 ممبران تھے اور ان کے 150 ممبران تھے لیکن ہمارا امیدوار ہار گیا، میرا یہی سوال ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں اکثریت کے باوجود کیسے ہار گئے؟ ہم تہہ تک جائیں گے اور جس نے یہ کیا انہیں بے نقاب کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے آصف علی زرداری کو بچانے کے لیے استعفیٰ دیا، یوسف رضا گیلانی نے لیڈر شپ کو ترجیح دی اس لیے نا اہل ہوئے، جب تک اوپن بیلٹ نہیں ہو گا، یہ لوگ اس طرح کی چیزیں کرتے رہیں گے، سینیٹ میں اوپن ووٹنگ نہیں ہو گی تو ایسے حربے استعمال ہوں گے۔
خیال رہے کہ ایوان بالا میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے بنائے گئے پولنگ بوتھ میں دو کیمرے لگے ہونے کا الزام عائد کیا اور اور اس حوالے سے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔