نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

فائل فوٹو

اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس نے پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کےمطابق نیٹ فلکس کے کچھ صارفین کو اسکرین پر میسجز موصول ہوئے ہیں جس میں کہا گیا ہے اگر یہ اکاؤنٹ آپ کا ذاتی نہیں ہے تو آپ کو ویڈیوز دیکھنے کے لیے اپنے ذاتی اکاؤنٹ کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کا کہنا ہےکہ یہ ٹیسٹ اس لیے ڈیزائن کیا گیا ہے  تاکہ یہ بات یقینی بنائی جاسکے کہ آیا وہ شخص یہ اکاؤنٹ استعمال کرنے کا مجاز ہےتاہم ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ کیا کمپنی اس ڈیزائن کو اپنے نیٹ ورک کا حصہ بنائے گی۔

نیٹ فلکس کی آزمائش کے دوران  صارف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ انہیں اُس کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل ہے جو کمپنی کی جانب سے انہیں میسج یا ای میل کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا گیا ہےکہ نیٹ فلکس اپنے پلیٹ فارم پر غیر مجاز افراد کے خلاف کاروائی کی کوشش کررہا ہے تاہم اب تک یہ غیر واضح ہے کہ کتنے لوگ نیٹ فلکس کے شرائط و ضوابط کے تحت اسے استعمال کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ نیٹ فلکس سمیت مختلف اسٹریمنگ سائٹ ایچ بی او گو ، ایمازون پرائم اور ڈزنی پلس صارفین کو ایک اکاؤنٹ میں متعدد پروفائل تشکیل دینے کی اجازت دیتے ہیں لیکن یہ  شرائط وضوابط گھریلو افراد کے لیے ہیں۔

مزید خبریں :