Time 13 مارچ ، 2021
پاکستان

لاہور، گجرات اور راولپنڈی کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

پنجاب کے محکمہ صحت نے کورونا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر لاہور، گجرات اور راولپنڈی کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

ترجان محکمہ صحت کے مطابق زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جارہا ہے جس میں لاہور کے 16، راولپنڈی کے4 اور گجرات کے 17علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جہاں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس اور سرکاری و نجی دفاتربند رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ہرقسم کے اجتماعات پرمکمل پابندی ہوگی اور انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا جب کہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

ترجمان کے مطابق دودھ،گوشت،مچھلی شاپس اوربیکریاں صبح 7سے شام 7 بجےتک کھلی رہیں گی اور جنرل اسٹورز،آٹاچکیاں صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلیں گی، اس کے علاوہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں فروٹ، سبزی، تندور اورپیٹرول پمپس صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلیں گے۔

مزید خبریں :