Time 13 مارچ ، 2021
پاکستان

کورونا کی نئی لہر، گجرات میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

برطانیہ سے پھیلنے والی کورونا کی نئی لہر نے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر گجرات میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

کورونا کی تازہ لہر کے باعث گجرات کے ایک دیہات میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جب کہ دو اسکولوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

گجرات میں کورونا کے لیے مختص عزیز بھٹی شہید اسپتال کا وارڈ مریضوں سے بھر گیا ہے، کورونا وارڈ مریضوں سے بھرنے کے باعث گجرات میں اضافی فیلڈ اسپتال قائم کرنا پڑ گیا ہے۔

ڈی سی گجرات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال کے کورونا وارڈ میں بیڈزکا اضافہ کر دیا گیا ہے، کورونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد 120 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے گجرات شہر میں 15 مارچ سے دو ہفتے کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

نیا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا

ادھر پنجاب میں برطانیہ سے آنے والا نیا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور صرف لاہور میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 12 اعشاریہ 67 تک پہنچ گیا ہے۔

لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں 300 مثبت ٹیسٹ آئے جس میں سے 200 مریضوں میں برطانوی وائرس پایا گیا۔

5 اضلاع ہائی رسک قرار

لاہور سمیت 5 اضلاع کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے، 5 فیصد سے زائد شرح کے اضلاع میں آج شب سے اگلے 15 روز تک سخت ایس او پیز لگانے کااعلان کیا گیا ہے۔

ان اضلاع میں تعلیمی اداروں، پارکس، ان ڈور شادی ہالز، میلوں اور زیادہ رش والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ مارکیٹیں شام 6 بجے تک بند کر دی جائیں گی، صوبے میں 547 مزارات اور کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں اب تک 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر جب کہ 13476 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :