13 مارچ ، 2021
ریاض: سعودی عرب نے کورونا وائرس کی برطانوی ویکسین آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی ویکسی نیشن کو روکنے کے عمل کو عارضی قرار دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہےکہ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کورونا وائرس ویکسین کو بعض یورپی ممالک نے تحفظ یقینی بنانے کے لیے روکا ہے جب کہ ویکسین کو روکنے کا عمل عارضی اور پہلے سے اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کے تحت ہے جو عام طور پر ویکسینز کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان نےکہا کہ ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ ممالک جنہوں نے آسٹرا زینیکا کا استعمال ترک کردیا تھا وہ اب اس کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد اس پر واپس آچکے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم یہ تصدیق کرتے ہیں کہ سعودی عرب میں ویکسینز محفوظ اور مؤثر ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں جمعہ کے روز کورونا سے مزید 5 اموات ہوئیں جس سے اموات کی تعداد 6556 ہوگئی جب کہ 360 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
واضح رہےکہ برطانوی کورونا ویکسین آسٹرا زینیکا کے استعمال کے نتیجے میں خون جمنے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا۔