Time 16 مارچ ، 2021
پاکستان

مریم نواز کے بیانات پر نیب لاہورکی وضاحت

لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیانات پر قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے  اپنی وضاحت  میں کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاسی مصروفیات کے باعث انہیں کچھ وقت کے لیے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا اور مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا۔

نیب لاہور کے مطابق مریم نواز نے اس دوران معزز عدالتوں اور ان کے صادر فیصلوں کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ نیب حکم کا غلام اور ایک انتقام کا ادارہ ہے اور یہ کہ اسے مخالفین کو پکڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نیب لاہور نے اپنی وضاحت میں مزید کہا ہے کہ احتساب عدالتوں کے باہرجاری کیے گئے بیانات مبینہ طورپر شِدت پسندی کے منصوبہ کے عکاس ہیں، مریم نواز کے بیانات عوام میں جھوٹے تاثرکی ترویج کرنے کی کوشش کےمترادف ہیں۔ 

نیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگرملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں، نیب کی طلبی اور پوچھ گچھ کو سیاسی رنگ میں رنگا گیا۔ 

نیب کے مطابق ملکی فضا کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی اور نیب، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی۔

نیب کا مزید کہنا ہے کہ بیان بازی کامقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور نقصِ امن کی صورتحال کو تقویت دینا بھی رہا۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ مریم نواز مبینہ طور پر اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں اور یہ کہ انہوں نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لا اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا۔

نیب کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اگست میں نیب لاہور میں پیشی کے وقت قومی ادارے کا تقدس پامال کیا گیا اور قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی۔

نیب کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت پتھراؤ کروایا گیا، سیکیورٹی اداروں کو بھی چیلنج کیا گیا جب کہ واقعے کی مقدمہ متعلقہ تھانہ چوہنگ میں درج ہے۔

مزید خبریں :